لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں پٹرول پمپس پر پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی میں کمی ہوگئی جس کے باعث شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہونے لگا ہے۔
ذرائع کے مطابق کھپت سے کم سپلائی ہونے کے باعث شہر میں پٹرول پمپ بند ہونے لگے ہیں، 20 ہزار لیٹر یومیہ پٹرول بیچنے والے پمپس کو 8 سے 10 ہزار لیٹر سپلائی دی جا رہی ہے۔
پٹرول پمپس پر لوگوں کو محدود مقدار میں پٹرول دیا جا رہا ہے جس سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بعض پٹرول پمپ بند ہیں اور کچھ 1 ہزار روپے سے زائد کا پٹرول نہیں دے رہے، ڈپٹی کمشنر کارروائی کے بجائے شکایت کے انتظار میں ہیں۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شکایات پر کارروائی کی جا رہی ہے۔