اسلام آباد: (دنیا نیوز)عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے دورے کے بعد اعلامیہ جاری کر دیا۔
آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف ٹیم نے 31 جنوری تا 9 فروری پاکستان کا دورہ کیا جو پروگرام کے نویں جائزے کے لیے تھا جب کہ دورے میں پاکستان سے تعمیری بات چیت ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:مذاکرات ختم، پاکستان اور آئی ایم ایف میں سٹاف لیول کا معاہدہ نہ ہو سکا
اعلامیے کے مطابق مذاکرات میں مقامی اور بیرونی ناہمواریاں دور کرنے کے لیے قابل ذکر بات چیت آگے بڑھی، دورے میں مستقل ریونیو حصول کے اقدامات، نان ٹارگٹڈ سبسڈی میں کمی، غریب ترین طبقے کے سماجی تحفظ بڑھانے اور سیلاب متاثرین کی مدد کرنے پر بھی بات ہوئی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ مذاکرات میں گردشی قرض میں کمی کرکے توانائی کے شعبے میں عملداری یقینی بنانے اور پاکستانی حکام سے توانائی کی فراہمی بہترکرنے پربات ہوئی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ آئی ایم ایف ٹیم میکرو استحکام کے لیے پالیسیوں پر عمل درآمدکا خیر مقدم کرتا ہے، میکرو استحکام اور پائیدارترقی کے لیے سرکاری شراکت داروں سے مالی مدد پاکستان کے لیے ضروری ہے، فیصلہ کن پالیسوں پربروقت عملدرآمد سے پاکستان میں میکرو استحکام آئے گا جب کہ ان پالیسیوں پر عملدر آمد کے لیے ورچوئل مذاکرات جاری رہیں گے۔