اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے انکشاف کیا ہے کہ وزارت توانائی بہتر کارکردگی والے بجلی گھروں کو پوری صلاحیت سے نہ چلوا سکی جس سے بجلی صارفین پر بھاری بوجھ پڑا، قومی خزانے کو بھی اربوں روپے کا نقصان ہوا۔
دستاویز میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایل این جی پاور پلانٹس کو 50 فیصد گیس فراہم نہیں کی گئی، ایندھن کی کم فراہمی سے بجلی کی پیداوار میں 77 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، پاور پلانٹس کو پوری مقدار میں ایل این جی نہ فراہم کیے جانے سے صارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا مزید بوجھ برداشت کرنا پڑا۔
گدو، قائد اعظم تھرمل، بلوکی اور حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹس مکمل صلاحیت کے مطابق نہیں چلائے گئے جس سے 5 ارب سے زائد کا نقصان ہوا، نیپرا دستاویز میں تجویز کیا گیا ہے کہ پاور پلانٹس کو کم صلاحیت سے چلانے کا بوجھ صارفین کے بجائے حکومت کو برداشت کرنا چاہیے۔
ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق نیشل پاور کنٹرول سینٹر بھی پیشہ ورانہ امور سر انجام دینے میں ناکام رہا جو پٹرولیم ڈویژن سے ایندھن کے حصول کا ہدف حاصل نہ کر سکا۔