لاہور: (ویب ڈیسک) ملک میں جاری بدترین معاشی بحران کے دوران چین نے پاکستان کے ساتھ مشکل وقت میں ایک مرتبہ پھر دوستی کا حق ادا کرتے ہوئے 50 کروڑ ڈالر دے دیئے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کو انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا لمیٹڈ (ICBC) سے 1.3 بلین ڈالر کی فنانسنگ سہولت میں سے 500 ملین ڈالر (50 کروڑ ڈالر) موصول ہو گئے ہیں، جس سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔
Formalities completed & Chinese Bank, ICBC approved rollover of US$1.3 billion facility which has been repaid by Pakistan to ICBC in recent months. Facility will be disbursed in 3 instalments, first one of US$500 million has been received by SBP. It will increase forex reserves!
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) March 3, 2023
ٹویٹر پر پیغام میں انہوں نے لکھا کہ 1.3 بلین ڈالر کی فنانسنگ کے حوالے سے تمام رسمی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں اور چینی بینک نے رول اوور سہولت کی منظوری دے دی ہے، یہ رقم تین اقساط میں دی جائے گی، جس میں سے پہلی قسط مرکزی بینک کو موصول ہو چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان گھٹیا سیاست کر کے پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اسحاق ڈار
اس سے پہلے دن میں اسحاق ڈار نے کہا کہ ملکی معیشت کے لیے فنانسنگ بہت اہم ہے، جسے ادائیگی کے توازن کے بحران کا سامنا ہے، سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے پاس موجود غیر ملکی ذخائر اس سطح پر گرے ہیں جو بمشکل تین ہفتوں کا احاطہ کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو رواں مالی سال، جو جون میں ختم ہو رہا ہے، اپنے مالیاتی فرق کو ختم کرنے کے لیے 5 بلین ڈالر کی بیرونی فنانسنگ کی ضرورت ہوگی۔