لندن: (دنیا نیوز) کساد بازاری کے خدشات کے پیش نظرعالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 2 ہفتے کی کم ترین سطح پر آ گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تقریباً ایک فیصد کم ہو کر دو ہفتے کی کم ترین سطح پر آگئیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عالمی مارکیٹ میں کروڈ آئل (برینٹ) کی قیمت1.07 ڈالر یعنی 1.3 فیصد کمی کے بعد 81.59 ڈالر فی بیرل پر آگئی، جو 22 فروری کے بعد کم سے کم قیمت ہے۔
اس کے علاوہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 94 سینٹس کمی یعنی 1.2 فیصد کمی کے بعد 75.72 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے، جو کہ 27 فروری کے بعد سب سے کم قیمت ہے۔
تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کی وجوہات عالمی سطح پر کساد بازاری کے خدشات ہیں۔
رپورٹس کے مطابق میں امریکا کا مرکزی بینک یو ایس فیڈرل ریزرو مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے اپنی شرح سود میں اضافہ کرسکتا ہے جس سے کساد بازاری کا خدشہ ہے اور مستقبل میں تیل کی طلب کو کم کر سکتا ہے۔