سیاسی استحکام اور تسلسل اقتصادی پالیسی کے منافع کو حاصل کرنے کے لیے اہم ہیں، احسن اقبال

Published On 06 April,2023 06:04 pm

بنکاک: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام اور تسلسل اقتصادی پالیسی کے منافع کو حاصل کرنے کے لیے اہم ہیں۔

وفاقی وزیر نے تھائی لینڈ میں تجارت، سرمایہ کاری اور اختراعی ڈویژن کے سربراہ اور اقوام متحدہ کے اقتصادی اور سماجی کمیشن برائے ایشیا و بحرالکاہل (ای ایس سی اے پی) کی ٹیم سے ملاقات کی۔

ملاقات میں اقوام متحدہ کے حکام نے وفاقی وزیر کو تجارت کے فروغ اور تعاون میں رکن ممالک کو ایک دوسرے کے تجربات اور اچھے طریقوں سے سیکھنے میں سہولت فراہم کرنے میں ای ایس سی اے پی کے کردار کے بارے میں بتایا۔

وزیر منصوبہ بندی نے یواین، ای ایس سی اے پی، یو این ڈی پی کے اراکین اور تھائی وزارت تجارت کے نمائندوں کا تھائی لینڈ اور ویتنام کی اقتصادی ترقی کے تجربات پر پیشکشیں کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی مصروفیات ایک دوسرے کے تجربات کو سمجھنے اور سیکھنے میں مدد کرتی ہیں، یو این ڈی پی کے علاقائی دفتر سے جوناتھن پنکس نے ویتنام کے ہنوئی سے ویڈیو لنک کے ذریعے سیشن میں شمولیت اختیار کی۔

انہوں نے ویتنام کی اقتصادی ترقی اور سالوں کے دوران ترقی کے سفر پر ایک پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے ان عوامل پر بھی روشنی ڈالی جو ویتنام کی شاندار اقتصادی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودیہ کی پاکستان کو 2 ارب ڈالر دینے کی یقین دہانی، آئی ایم ایف نے تصدیق کردی

تھائی لینڈ کی وزارت تجارت کی ڈائریکٹر سریکان پراسرٹینگ نے تھائی لینڈ کی اقتصادی ترقی اور برآمدی تنوع کے سفر پر ایک پریزنٹیشن دی، انہوں نے ڈیجیٹلائزیشن کے اہم کردار کی وضاحت کی جو معیشت میں کارکردگی لاتا ہے۔

اجلاس کے بعد سوال و جواب کا سیشن ہوا۔ ملاقات میں تھائی لینڈ میں پاکستان کے سفیر صاحبزادہ احمد خان اور سفارتخانے کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔