عمران خان سے زیادہ کرکٹ کھیل کر سیاست میں آنے کا سوچ سکتا ہوں: شاداب خان

Published On 06 April,2023 05:22 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے راولپنڈی میں کنٹونمنٹ بورڈ ہسپتال کا دورہ کیا۔

کرکٹر شاداب خان ہسپتال میں مریضوں کے ساتھ گھل مل گئے، انہوں نے علاج کے حوالے سے آگاہی بھی حاصل کی، شاداب خان نے علاج کی بہترین سہولیات کی فراہمی پر انتظامیہ کو سراہا۔

اس موقع پر مریضوں سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹر شاداب خان نے کہا کہ پلاننگ کر کے اس نوبل کاز کو آگے لے کر جائیں گے، میں اس نوبل کاز کیلئے مدد کرتا رہوں گا، یہاں آتا رہوں گا، آپ صحت مند ہوں گے تو پاکستان کا نام روشن کر سکیں گے۔

شاداب خان نے کہا کہ میرا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں، عمران خان سے بہت زیادہ کرکٹ کھیلنے کے بعد ہی سیاست کا سوچا جا سکتا ہے، شعیب اختر کو پنڈی ایکسپریس کا نام عوام نے دیا، کوشش کروں گا کہ دیگر کرکٹرز کو بھی یہاں لایا جائے۔