لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے پاکستان کے سکواڈ میں شامل نہ کیے جانے پر سلیکٹرز کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
حالیہ انٹرویو میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں نظر انداز کیے گئے آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا کہ اگر انہیں سلیکٹرز کی جانب سے بغیر کسی وجہ قومی ٹیم سے ڈراپ کیا گیا تو خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال سے زائد عرصہ مجھے قومی ٹیم سے باہر رکھا گیا، میرے پوچھنے پر بھی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی لیکن میں دوبارہ ایسا نہیں ہونے دوں گا۔
عماد وسیم نے کہا کہ کیرئیر کے اس مرحلے پر ہوں کہ اگر بورڈ مجھے بغیر کسی وجہ پلئینگ الیون میں شامل نہیں کرتا تو اپنی جنگ لڑوں، ٹیم سے دور رہتے ہوئے مجھے کبھی کوئی مالی نقصان نہیں ہوا، درحقیقت میں نے پاکستان کے لیے کھیلتے ہوئے جتنا کمایا ہوگا اس سے 10 گنا زیادہ کمایا۔
واضح رہے کہ عماد پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں سیزن میں شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس کے بعد افغانستان کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی سیریز میں قومی ٹیم میں واپس آئے تھے۔