نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دیکر ون ڈے سیریز اپنے نام کرلی

Published On 13 January,2023 10:30 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ نے فیصلہ کن ون ڈے میں پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی۔

کراچی نے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری فیصلہ کن میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیے گئے 281 رنز کے ہدف کو اننگز کے 48 ویں اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے فلپس نے 63 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلوائی۔ ان کے علاوہ کپتان کین ولیمسن نے 53 جب کہ کانوے نے 52 رنز کی اننگز کھیلی،پاکستان کی جانب سے آغا سلمان نے دو جب کہ نواز، میر اور وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے تھے،قومی ٹیم کی جانب سے فخر زمان اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شان مسعود دوسری ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔

کپتان بابر اعظم 21 کے مجموعی سکور پر 13 گیندوں پر صرف 4 رنز بنا کر بریسویل کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان نے ٹیم کو سہارا دیا اور اچھی اننگز کھیلتے ہوئے 77 رنز بنا کر اش سودھی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

فخرزمان 101 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ حارث سہیل بھی 22 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے،آغا سلمان نے 45 رنز کی اہم اننگز کھیلی تاہم وہ نصف سینچری مکمل نہ کرسکے اور گیند کو باؤنڈری سے باہر پھینکنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے سوتھی نے 3، لوکی فرگوسن نے 2 جب کہ مچل بریسویل اور ایش سودھی نے1،1 وکٹ حاصل کی جبکہ فخر زمان اور حارث سہیل رن آؤٹ ہوئے۔

قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ امام الحق کی جگہ شان مسعود اور نسیم شاہ کی جگہ محمد حسنین پلینگ الیون کا حصہ ہیں، امام الحق ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہیں جبکہ نسیم شاہ بھی بخار میں مبتلا ہیں۔