کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان گزشتہ روز ہونیوالے دوسرے ون ڈے میچ میں سکیورٹی حصار توڑ کر گراؤنڈ میں داخل ہونے والے دونوں نوجوانوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دوران میچ گراؤنڈ میں داخل ہونے والے دونوں تماشائیوں محمد جاوید ولد گل رحمان اور محمد عباس ولد سجاول کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان عزیز بھٹی پولیس کی تحویل میں ہیں جن پر تعزیرات پاکستان کی تین دفعات لگائی گئی ہیں۔
دوسری جانب بابراعظم سے ملنے کیلئے گراؤنڈ میں داخل ہونے والے لڑکے کو گرفتار کرنے کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں اس نے بابر سے ملنے کیلئے پولیس تحویل سے چھڑوانے کی اپیل کی۔
ویڈیو میں بابر اعظم کے فین نے اعتراف کیا وہ گراؤنڈ میں کپتان سے ملنے گیا تھا، ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ بابر بھائی مجھے چھڑوالیں میرے والد بھی نہیں ہیں۔