دوسرا ون ڈے، شاہین 182 پرڈھیر، کیویز 79 رنز سے فاتح

Published On 11 January,2023 10:06 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم 261 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے صرف 182 رنز ہی بنا سکی، نیوزی لینڈ نے سیریز کا دوسرا میچ 79 رنز سے جیت لیا۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جاری میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 262 رنز کا ہدف دیا، قومی ٹیم کے دونوں اوپنرز صرف 9 رنز کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے، فخر زمان صفر اور امام الحق 6 رنز بنا کر وکٹیں گنواگئے

کپتان بابر اعظم 79 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر آؤٹ ہو گئے، محمد رضوان 28 رنز بنا کرپویلین لوٹے پاکستان کی چوتھی وکٹ 26.5 اوورز میں 86 رنز پر گری جب حارث سہیل صرف 10 رنز بنا کر فلپس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

سلمان آغا 25 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے، محمد نواز بھی 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے،پاکستان کی ساتویں وکٹ 158 رنز پر گری جب اسامہ میر ساؤتھی کی گیند پر لیتھم کو کیچ تھما بیٹھے جبکہ آٹھویں محمد وسیم کی گری جو 10 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، ابتدا میں کیوی اوپنر فن ایلن جلد وکٹ گنوا بیٹھے تاہم کین ولیمسن اور ڈیون کانوے میں 181 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے نیوزی لینڈ کی پوزیشن مستحکم کردی۔

ڈیون کانوے نے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 101 رنز کی اننگز کھیل کر نسیم شاہ کی گیند پربولڈ ہوگئے جبکہ کپتان کین ولیمسن 85 رنز بناکرمحمد نواز کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

32ویں اوور کے بعد نیوزی لینڈ کے مڈل آرڈر بلے باز ڈیرل مچل5 سکور جبکہ ٹام لیتھم 2 سکور بنا کر محمد نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ، گلین فلپس 3 سکور بنا کر کیچ آؤٹ جبکہ مچل بریسویل8 سکور بنا کر اسامہ میر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر 37 سکور بناکر رن آؤٹ ہوئے، اش سودھی 7 رنز بنا کر حارث راؤف کی گیند پر بولڈ جبکہ ٹم ساؤتھی بغیر کوئی سکور بنائے اسامہ میر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور اسامہ میر نے 2،2 ، محمد نواز نے کیویز کی 4 جبکہ حارث رؤف نے ایک وکٹیں حاصل کی۔

میچ سے قبل ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو شکست دیکر سیریز میں کم بیک کرنا چاہتے ہیں، کوشش ہوگی بڑا ٹارگٹ سیٹ کریں۔ پاکستان کے خلاف ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اِش سودھی کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ کیویز کو جلد آؤٹ کرکے سیریز میں کامیابی حاصل کریں، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔