کراچی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز فخر زمان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سنچری بنانے والے 11 ویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔
نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ٹیم کے بلے باز فخر زمان نے سنچری بنائی۔
فخر زمان اس سٹیڈیم میں ایک روزہ میچ میں سنچری بنانے والے 11 ویں کھلاڑی بن گئے، اس میدان پر ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 33 سنچریز سکور کی گئیں، پہلی سنچری ظہیر عباس نے 1983 میں بنائی تھی اور ان کا سکور 113 رنز تھا۔
قبل ازیں سلمان بٹ نے 2008 اور 2009، محمد یوسف نے 2002 اور 2004 میں دو دو بار سنچریز بنائیں جب کہ عامر سہیل 1996، انضمام الحق 2004، کامران اکمل 2005، یونس خان 2008، شعیب ملک 2008 اور بابر اعظم 2019 میں ایک ایک بار سنچری بناچکے ہیں۔
خیال رہے کہ اب تک ون ڈے انٹرنیشنل میں نیشنل سٹیڈیم پر سب سے زیادہ انفرادی سکور 181 ہے اور یہ کارنامہ ویسٹ انڈیز کے ویوین رچرڈز نے سرانجام دیا تھا۔
نیشنل سٹیڈیم میں بھارت کے 5 کھلاڑیوں نے 6 سنچریز سکور کی ہیں جس میں سریش رائنا کی 2 سنچریز بھی شامل ہیں، ویسٹ انڈیز کی جانب سے 4 کھلاڑیوں نے 5 سنچریز بنائی ہیں، ویوین رچرڈز نے 2 مرتبہ سنچری جڑی۔
اسی طرح سری لنکا کی جانب سے 4 کھلاڑیوں نے 6 سنچریز بنائیں، جے سوریا اور کمار سنگاکارا نے 2،2 مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا، اسی طرح آسٹریلیا اور انگلینڈ کے ایک ایک کھلاڑی نے اس میدان میں سنچری سکور کی ہے۔