برآمدکنندگان کو ساز گار ماحول، سہولتیں فراہم کریں گے، نوید قمر

Published On 18 April,2023 07:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ برآمدات کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، برآمد کنندگان کو ساز گار ماحول اور سہولتوں کی فراہمی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے، سیاست میں اختلافات کا حل مذاکرات سے ہی نکلتا ہے۔

سید نوید قمر نے کہا کہ صنعت اور برآمدات کے مسائل کو ایک ہی جگہ حل کرنا چاہتے ہیں، جی ایس پی پلس کی طرح ریگولیٹری رجیم تمام خریداروں کے لیے یکساں ہونی چاہئے، ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ ہم نے اس حوالے سے پہلے کیا کیا اور اب کیا کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر تجارت نوید قمر سے پاکستان میں ازبک سفیر کی ملاقات، سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی

وفاقی وزیر نے کہا کہ جی ایس پی پلس کے تحت کئے گئے تمام وعدے پورے کریں گے، ہم نے اس حوالے سے مطلوبہ قانون سازی کی ہے، جو کچھ ہم نے حاصل کیا وہ بنیادی اہمیت کا حامل تھا، مستقبل میں برآمدات کے فروغ کے لئے برآمدکنندگان کو سہولت دیں گے۔

نوید قمر کا کہنا تھا کہ معاشی صورتحال کو بہتر کرنا ہوگا، آئی ایم ایف سے جلد معاہدہ ہو جائے گا، آئی ایم ایف معاہدے کے بعد پاکستان کی معیشت میں استحکام آئے گا، سیاسی اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان چاہتے ہیں۔