کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں سونے کے نرخ بڑھ گئے۔
عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 3ڈالر کی کمی سے 2005 ڈالر کی سطح پر آنے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 300 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت میں 257روپے کا اضافہ ہوگیا۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 17 ہزار 400 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 86 ہزار 385 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔
دوسری جانب فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 2530روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2170روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔