لاہور:(ویب ڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے ڈپٹی گورنر ڈاکٹر عنایت حسین نے سونے کے ذخائر گروی رکھنے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے جعلی قرار دے دیا۔
ڈاکٹر عنایت حسین نے چیف ترجمان عابد قمر کی میزبانی میں ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس اس وقت 3.82 بلین ڈالر مالیت کا سونا ہے، فی الحال، ہم بحران میں نہیں ہیں، لٰہذا ہمیں سونے کے ان ذخائر کو گروی رکھنے کی ضرورت نہیں ہے، ہمیں گھبرانا نہیں چاہیے، میں پاکستانیوں کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ جعلی خبروں کو مسترد کر دیں جو پاکستان کے لیے قیامت کا منظر پیش کرتی ہیں۔
پوڈ کاسٹ میں قائم مقام گورنر مرتضیٰ سید اور ڈپٹی گورنر سیما کامل نے شرکت کی۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ افواہوں کے باوجود سونے کے ذخائر کو گروی نہیں رکھا گیا ہے، سونے کے ذخائر موجودہ ایف ایکس کے ذخائر کو دیکھتے ہوئے محفوظ ہیں، پاکستان کے موجودہ ذخائر 9.3 بلین ڈالر ہیں، وہ مثالی نہ ہونے کے باوجود پاکستان کو اگلے چند ماہ تک لے جانے کے لیے کافی ہیں، بیرونی ذخائر تمام مقاصد کے لیے مکمل طور پر قابل استعمال ہیں، یہ نوٹ کرنا ضروری ہے کہ یہ ذخائر اپنے پاس رکھے ہوئے سونے کے علاوہ ہیں۔