اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی مالیاتی فنڈر (آئی ایم ایف) سے معاہدے کی تاخیر کے باعث امریکی کرنسی بے قابو ہونے لگی ہے، سونے کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ایک ہفتے کے دوران انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 18 روپے 47 پیسے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، انٹربینک میں ڈالر 278 روپے 46 پیسے پر بند ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت 15 روپے تک بڑھی جس کے باعث اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 283 روپے پر فروخت ہو رہی ہے۔
ایک ہفتے میں پاکستان سٹاک ایکسچینج سٹاک مارکیٹ میں بھی 630 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد 100 انڈیکس 41 ہزار 337 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ہے۔
دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران سونے کی فی تولہ قیمت میں 7500 روپے اضافہ ہوا ہے، فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ ایک ہزار 600 روپے ہوگئی ہے۔