لاہور: (ویب ڈیسک) ملک میں تجارت اور صنعت کو شدید دھچکا لگا ہے، کاروباری طبقے نے موجودہ ملکی معاشی صورتحال کو تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے خطرناک قرار دے دیا ہے۔
پاکستان میں شرح سود بلند ترین سطح 21 فیصد پر پہنچ گئی ہے جبکہ تاجر برادری حکومت کی معاشی پالیسیوں سے شدید نالاں ہے۔
فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان میں شرح سود چین، بنگلا دیش اور بھارت سے کئی گنا زیادہ ہے، صنعت، برآمدات اور تجارت سب ہی گراوٹ کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عید کے بعد نیشنل اکنامک ڈویلپمنٹ پروگرام لا رہے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو مدعو کریں گے اور 15 سال کا معاشی پلان دیں گے، کوئی بھی سیاسی جماعت حکومت میں آئے لیکن معاشی پالیسیاں استحکام سے چلتی رہنی چاہئیں۔
یاد رہے کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو میثاق معیشت کیلئے پہلے ہی خطوط لکھ چکا ہے جبکہ ایف پی سی سی آئی نے ایک بار پھر سیاسی جماعتوں کو معیشت کے استحکام کیلئے اکٹھا کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔