اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں لگایا گیا 119 ارب روپے کا ایک اور منصوبہ غیر معیاری نکل آیا۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کے گزشتہ دور حکومت میں لگایا گیا نیلم جہلم کے بعد تربیلا ٹی فور منصوبہ بھی مبینہ طور پر غیر معیاری نکلا ہے، تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے کے پاور ہاؤس میں بارش کا پانی داخل ہوگیا۔
ٹی فور منصوبے کی عمارت بارش کے سامنے بے بس نظر آئی جس کے باعث چھت سے پانی ٹپکنے لگا، پاور ہاؤس کی عمارت میں بارش کا پانی داخل ہونے سے جنریٹر، ٹربائینز کو پلاسٹک کی شیٹ سے کور کرنا پڑا۔
خیال رہے کہ ٹی فور منصوبہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں مکمل ہوا تھا جس کا افتتاح سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کیا تھا، منصوبہ 119 ارب روپے میں مکمل ہوا تھا جس کی مناسب دیکھ بھال اور بر وقت مرمت نہ کی گئی۔