پارلیمنٹ کی بالادستی کا سب کواحترام کرنا ہوگا : وزیر اعظم شہباز شریف

Published On 05 May,2023 12:41 am

لندن : ( دنیا نیوز ) وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں تمام اداروں کو اپنے دائرہ میں رہ کراپنا آئینی کردارادا کرنا چاہیے کیونکہ اسی میں پاکستان کی بقا اورسلامتی ہے، دوہرا معیارکہیں بھی ہو معاشرے کے لیے سود مند نہیں ہوسکتا، آئین اور قانون کی بالادستی کا سب کو احترام کرنا ہوگا۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ماضی میں اپوزیشن کو جعلی مقدمات میں جیل بھجوایا گیا، آج عدالت میں درجنوں ضمانتیں ہوجاتی ہیں، اس دوہرے معیار کو کوئی بھی تسلیم نہیں کرے گا، دوہرا معیار کسی بھی معاشرے کے لیے صحتمند نہیں، عدل و انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میری دعا ہےعدالت عظمیٰ اور دوسرے ادارے مل کر پاکستان کی خدمت کریں، اداروں کے درمیان محاذ آرائی ملک کے مفاد میں نہیں، آئین میں تمام اداروں کی حدود متعین ہیں اور تمام اداروں کو آئینی حدود میں رہ کر کردار ادا کرنا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ اس وقت اپنا بھرپورکردارادا کررہی ہے، پارلیمنٹ کی بالادستی کا سب کواحترام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آئین اورقانون کی بالادستی کے لیے ہم کردار ادا کر رہے ہیں، آئین کی بالادستی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، پاکستان کو جلد مشکل صورتحال سے نکالیں گے، حکومت چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور کوشش کررہی ہے، انشاللہ جلد مشکلات سے نکلیں گے۔