عمران خان نے نظام انصاف کو معذور اور مفلوج کر دیا: طلال چودھری

Published On 04 May,2023 08:41 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان نے نظام انصاف کو معذور، مفلوج کر دیا ہے، وہیل چیئر پرعمران خان نہیں نظام انصاف کو ڈال دیا گیا ہے۔

فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ پارلیمنٹ کی قراردادوں کو دوسرے ادارے سیریس نہیں لے رہے، پارلیمنٹ قراردادیں پاس نہ کرائے عملدرآمد کرا کر دکھائے، اگر پارلیمنٹ قراردادوں پرعملدرآمد نہیں کرائے گی تو پھر کوئی حیثیت نہیں ہو گی، آج پھر سابق لاڈلے وزیر اعظم کی عدالت میں پیشی تھی، ثاقب نثار نے لاڈلے کیلئے ماحول بنایا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چودھری نے کہا کہ نواز شریف کو نااہل کر کے عمران خان لاڈلے کیلئے خاص ماحول بنایا گیا، نواز شریف عوام کے ووٹ، دوسرا آر ٹی ایس سسٹم بٹھا کر ثاقب نثار کے فیصلوں سے آیا، توشہ خانہ کیس کو 8 ماہ ہو گئے ابھی تک فرد جرم نہیں لگ سکی، فارن فنڈنگ ثابت ہو گئی لیکن سزا دینے میں کسی کو ہمت نہیں ہو رہی، توہین عدالت کا مقدمہ آج بھی سپریم کورٹ میں پینڈنگ ہے۔

طلال چودھری نے کہا کہ لاڈلے کیلئے عدالتیں رات کو کھل جاتی ہیں، سارے ٹیسٹ شوکت خانم سے کرائے جاتے ہیں، آج پھر ان کو ریلیف ملا ہے، کیا فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ قیامت کے دن آئے گا، مذاق ہے 8 ماہ سے فرد جرم نہیں لگ سکی، نواز شریف کے خلاف کیسز کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوتی تھی، دوسری طرف ضمانت پر ضمانت مل جاتی ہے، ترازو کے پلڑے ایک جیسے کیوں نہیں ہو رہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے مزید کہا ہے کہ ہمارے پاس کسی کے رشتہ دار نہیں تھے، نظام انصاف میں دہرا معیار نہیں ہونا چاہیے، نظام انصاف کا تماشا بنایا ہوا ہے، عمران خان کو الیکشن کی جلدی ہے، جلدی کرو تاکہ توشہ خانہ کیس میں فردم جرم نہ لگ جائے، جلدی اس بات کی ہے کسی طرح عمران خان اقتدار کی کرسی پر بیٹھ جائے، ہم نے بھی ٹھان رکھی ہے اپنا حق لے کر رہیں گے، پارلیمنٹ جاگ چکی ہے۔