اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کو چیلنج کیا ہے کہ عدالت جا کر جس جس سے خطرہ ہے ثبوت دو ورنہ اپنا منہ بند کرو۔
اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فارن ایجنٹ بہروپیا ہے حالات کے مطابق سکرپٹ اور حلیہ بنا لیتا ہے، گرفتاری کے ڈر سے چارپائی کے نیچے اور ضمانت خارج ہونے کے ڈر سے ویل چیئر کا ڈرامہ، فارن ایجنٹ تمہارے پاؤں پہ دباؤ نہیں تمہارے دماغ پہ سازشی دباؤ ہے، وہیل چیئر پر بیٹھ کر الزام نہیں عدالت جا کر تمہاری جان کو جس جس سے خطرہ ہے ثبوت پیش دو ۔
انہوں نے کہا کہ تمہیں خطرہ اب صرف فارن فنڈنگ، توشہ خانہ، ٹیریان کیس سے ہے اِس لئے گولی، پلستر، ڈبے، ویل چیئر اور الیکشن کا بہانہ ہے، عدالت بلائے تو گولی، پلستر، معذوری، بالٹی ڈبہ اور اب ویل چیئر۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پہلے اپنی حکومت ہٹانے کا ملبہ امریکہ پر ڈالا، سائفر کا ڈرٹی کھیل کھیلا، پھر امریکہ سے معافی مانگ کر جنرل باجوہ، پھر آصف زرداری اور پھر محسن نقوی پر ملبہ ڈالا، چار سال کی ناکامیوں، اسمبلیاں توڑنے کا ملبہ جنرل باجوہ پر ڈالا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ قوم کو گھروں سے نکالنے سے پہلے خود تو گھر سے باہر نکلو ڈرپوک، پہلے کالی بالٹی سے منہ تو باہر نکالنے کا اعلان کرو پھر قوم کو باہر نکالنے کا اعلان کرنا، چیف جسٹس کی تصویر پہ جوتے مارنے کے لئے بھی باہر نکلنے کی کال تم نے دی تھی۔