ایوان کا ریکارڈ مانگنا چھوٹا مسئلہ نہیں، معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے: شاہد خاقان

Published On 03 May,2023 09:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم نے سنا ہے کہ سپریم کورٹ نے ایوان کا ریکارڈ مانگا ہے، یہ چھوٹا موٹا مسئلہ نہیں ہے، اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ 1997 میں جسٹس سجاد علی شاہ نے ایوان سے ریکارڈ مانگا تھا، اس وقت کے سپیکر نے ایوان کی اجازت کے بغیر ریکارڈ دے دیا تھا، اگر آپ سے ریکارڈ مانگا گیا ہے تو آپ ایوان سے پوچھیں۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا ہے کہ اگر ریکارڈ مانگا گیا ہے تو بہت سیریس مسئلہ ہے، آپ کمیٹی آف دی ہاؤس بنائیں، کمیٹی ججز کو بلائے اور پوچھے ریکارڈ کس مقصد کیلئے مانگا ہے۔

جس پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی صاحب! کل ہم نے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی، اگر ایوان اجازت دیتا ہے تو یہ معاملہ بھی اسی کمیٹی کو تفویض کر دیتا ہوں۔