اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ دو آئینی ادارے آمنے سامنے آ چکے ہیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پارلیمنٹ فاؤنٹین آف ڈیموکریسی ہے، قرارداد پاس کر کے سارے ہاؤس کی کمیٹی بنا دی جائے، جسٹس منیر سے لیکر آج تک کے معاملات کو کمیٹی دیکھے، آئین کی تشریح کرنے والوں میں تضاد آ رہا ہے، ہم عدلیہ کے خلاف نہیں ہیں، ہم حدود کی خلاف ورزی کے خلاف ہیں، جب آئین کی خلاف ورزی ہوئی تو ججز نے انگوٹھے لگائے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ محمد آصف نے مزید کہا ہے کہ جمہور پارلیمان کا مرکز تصور کیا جاتا ہے، عدلیہ کا یہ حال ہے چار لاکھ کیسز پینڈنگ ہیں، ماتم کرنے والا حال ہے اور باتیں اتنی بلند کرتے ہیں، پینڈنگ کیسز نمٹائیں اور پھر ہمارے ساتھ دست و گریبان ہوں، لوگ پھانسی لگ جاتے ہیں پھر فیصلے آتے ہیں، تمام اداروں کو پارلیمان کے اختیارات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔