بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا امکان، نیپرا میں درخواست جمع

Published On 19 May,2023 11:26 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) اور کے الیکٹرک نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیلئے نیپرا کو درخواست جمع کروا دی۔

سی پی پی اے کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی۔

درخواست کے مطابق اپریل کے مہینے میں 9 ارب 73 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی، بجلی کی پیداوار پر 101 ارب روپے لاگت آئی، گزشتہ ماہ فرنس آئل سے 23 روپے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی، ایل این جی سے 23 روپے 83 پیسے بجلی پیدا کی گئی اور ایران سے 23 روپے 44 پیسے فی یونٹ میں بجلی درآمد کی گئی۔

کے الیکٹرک نے بھی بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی ہے۔

کے الیکٹرک کی جانب سے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 48 پیسے فی یونٹ اضافہ مانگا گیا جبکہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 5 روپے 17 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی گئی۔

واضح رہے کہ سی پی پی اے اور کے الیکٹرک کی درخواستوں پر نیپرا 31 مئی کو سماعت کرے گا۔

 

Advertisement