اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے کراچی الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی۔
نیپرا کے اعلامیے کے مطابق کے الیکٹرک کے جنوری کے فیول چارجز کیلئے مالی سال 23-2022 کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ پر چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت سماعت ہوئی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کے الیکٹرک نے 7 روپے 36 پیسے فی یونٹ کمی اور 2 روپے 70 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست جمع کرائی تھی۔
نیپرا ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے مطابق جنوری کے ایف سی اے کی مد میں اضافہ ایک روپے 71 پیسے یونٹ بنتا ہے جس کا اطلاق صرف مارچ کے بلوں میں ہوگا۔
نیپرا اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لائف لائن اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز کے علاوہ کے الیکٹرک کے تمام صارفین پر ایف سی اے کا اطلاق ہوگا۔