کراچی: (دنیا نیوز) رمضان المبارک میں کے الیکٹرک نے صارفین کی سہولت کے لئے رات کے اوقات میں سہولت کیمپس شروع کر دیئے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق پہلے مرحلے میں گلستان جوہر، سرجانی، لانڈھی اور شاہ فیصل میں سہولت کیمپس لگائے جائیں گے، کیمپس کا انعقاد پیر اور منگل کی درمیانی شب کے دوران کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی مہنگی ہونے کا امکان
ترجمان کے مطابق کیمپس میں کے الیکٹرک کا عملہ رات 8 سے 3 بجے تک صارفین کے لیے موجود ہو گا، ان کیمپس میں بجلی کے بلوں کی ادائیگی سمیت میٹرز کی تبدیلی اور نئے کنکشن کی درخواست کی جا سکتی ہے۔
کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا کہ صارفین کے دیگر مسائل کے حل کے لیے کے الیکٹرک کا عملہ فوری اقدامات بھی کرے گا، صارفین زیادہ سے زیادہ تعداد میں آ کر کیمپس سے سہولیات حاصل کریں۔