اسلام آباد: (دنیا نیوز) گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ ملکی اکانومی کیلئے اسلامک کیپیٹل مارکیٹ سے گروتھ میں بہتری آ رہی ہے، مارکیٹ کا حجم 3 ٹریلین ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے جمیل احمد کا کہنا تھا کہ گزشتہ دس برسوں میں پاکستان میں اسلامک بینکنگ میں 24 فیصد اضافہ ہوا، سٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی مل کر اسلامک فنانس سیکٹر کے فروغ کے لئے اصلاحات کر رہے ہیں، 2027 تک ملکی معیشت کو سود سے پاک کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 2.8 ٹریلین روپے کے اسلامک سکوک بانڈز کا اجرا کر رکھا ہے، حکومتی قرض کو اسلامک سکوک میں کنورٹ کرنے کیلئے سٹیٹ بینک میں کمیٹی قائم کی ہے۔
گورنر سٹیٹ بینک کا مزید کہنا تھا کہ کیپیٹل مارکیٹ سے شریعہ کمپلائنس کے ذریعے فنڈنگ پر بات چیت جاری ہے، سکوک بانڈز کے اجرا سے حکومت کی مالیاتی ضروریات کو بھی پورا کیا جا سکتا ہے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) عاکف سعید نے کہا کہ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے بعد ملک میں اسلامی مالیاتی نظام کے فروغ کیلئے اہم اقدامات کئے گئے ہیں، اگلے دو سال میں اسلامک کیپیٹل مارکیٹ کو فروغ دینے کا ہدف ہے۔