لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان بھر میں لوگ انتہائی گرم موسم اور بجلی کی طویل بندش کے دہرے عذاب سے دوچار ہیں، ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 598 میگاواٹ پر پہنچ گیا ہے۔
ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق ملک بھر میں 8 سے 10 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جاری ہے، بجلی کی مجموعی پیداوار 20 ہزار 402 میگاواٹ ہے، جبکہ بجلی کی طلب 27 ہزار میگاواٹ ہے۔
ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق پن بجلی کی پیداوار 6 ہزار 200 میگاواٹ ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 563 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، جبکہ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 9 ہزار میگاواٹ ہے۔
پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ ونڈ پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار 1 ہزار 245 میگاواٹ ہے، سولر بجلی گھروں کی پیداوار 100 میگاواٹ ہے، بگاس سے 130 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے، نیوکلیئر پاور پلانٹس کی پیداوار 3 ہزار 164 میگاواٹ ہے، سسٹم اوور لوڈ اور ٹرپنگ سے کچھ علاقوں میں 12 گھنٹے سے زائد بجلی غائب ہے۔
لاہورمیں شدید گرمی اور جان لیوا حبس میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
سسٹم پر لوڈ بڑھتے ہی اوور لوڈڈ ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز جواب دے گئے، سسٹم اوور لوڈ ہونے سے شہر کے مختلف علاقوں میں رات بھر بجلی غائب رہی۔
لیسکو کی بجلی کی طلب 5500 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی ہے، لوڈ بڑھنے کے باعث ٹرانسفارمرز جلنے کے واقعات میں اضافہ ہوا، سٹاف کی کمی کے باعث شکایات کا بروقت ازالہ ممکن نہیں رہا۔
ذرائع کے مطابق شدید گرمی اور حبس میں طویل لوڈشیڈگن کے باعث بچے، بوڑھے، خواتین اور بیمار شہری شدید اذیت میں مبتلا ہیں، مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل بندش کے باعث پانی کی بھی کمی کا سامنا ہے۔
لاہور کے علاقے مزنگ، کچا جیل روڈ، عامر ٹاون، ہربنس پورہ، شاہدرہ ٹاؤن، امامیہ کالونی کے مختلف علاقوں میں 24 گھنٹے تک بجلی بند رہی، شدید گرمی اور حبس سے شہری نڈھال ہوگئے۔