اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے کہا ہے کہ موجودہ جغرافیائی و اقتصادی منظر نامے کے تحت پاکستان اور روس کے درمیان روڈ ٹرانسپورٹ معاہدہ ملکی معیشت کو فروغ دینے اور تجارت کی وسیع تر آمد کی راہ ہموار کرنے کے لیے ایک عمل انگیز ثابت ہوگا۔
وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے نومبر 2022 میں ماسکو کے اپنے پہلے دورے کے موقع پر روس کے وزیر ٹرانسپورٹ ویتالی سیولیوف کے ساتھ روڈ ٹرانسپورٹیشن کا معاہدہ کیا تھا، ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کے ویژن کے مطابق معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
1948ء میں روس کے ساتھ سفارتی تعلقات کے آغاز کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ سڑکوں کے ذریعے تجارتی راہداری قائم کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: روس سے برآمدی سامان لے کر پہلا ٹرک پاکستان پہنچ گیا
روس دنیا کا چوتھا سب سے بڑا ایل این جی برآمد کرنے والا ملک ہے اور پاکستان کے پاس پھلوں، ملبوسات، آلات جراحی اور زرعی مصنوعات برآمد کرنے کی بڑی صلاحیت ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ مضبوط تجارتی شراکت داری قائم ہو گی۔
سامان کی نقل و حمل ٹی آئی آر کارنیٹ کے تحت کی جائے گی جس کے تحت سرحدوں پر کسٹم طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے روڈ ٹرانسپورٹ پرمٹ جاری کئے جاتے ہیں۔