کاشتکاروں کو کپاس 8500 روپے سے کم قیمت پر فروخت کرنے سے روک دیا گیا

Published On 17 July,2023 06:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے کاشتکاروں کو کپاس 8500 روپے سے کم قیمت پر فروخت کرنے سے روک دیا۔

اپنے ایک بیان میں نگران وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کپاس کے کاشتکاروں کے حقوق کا مکمل تحفظ کرے گی، بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال کے کمشنرز کو کپاس کی مقرر کردہ امدادی قیمت پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے، کپاس کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا معاوضہ ضرور دلائیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے مزید کہا ہے کہ کپاس کی فصل کسان کی خوشحالی اور ملک کی ترقی کی ضامن ہے، پنجاب حکومت اس ضمن میں ہر ضروری اقدام کر رہی ہے، کسانوں کو کپاس کی قیمت 8500 روپے فی من دلانے کیلئے ہر سطح پر اقدامات کئے جا رہے ہیں، محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیموں کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے۔