اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے زیرصدارت سپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں وزراء اعلیٰ، وفاقی و صوبائی وزراء اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی، اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق ایپکس کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کی کارکردگی، سیمینارز اور سرمایہ کاروں تک رسائی کی حکمت عملی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ایپکس کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاروں کے لئے تیار کردہ مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا، وزیراعظم نے زراعت، حیوانات، معدنیات، کان کنی، آئی ٹی اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے منصوبوں کی منظوری دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ منصوبوں پر عمل درآمد اور عملی شکل دینے کیلئے سرمایہ کاروں کو بھرپور سہولیات فراہم کی جائیں۔