لاہور: (دنیا نیوز) ڈالر کی قیمت گرنے کے بعد چینی کی قیمت میں کمی آنا شروع ہو گئی، شوگر ملز ریٹ میں چینی 2 روز کے دوران 14 روپے فی کلو کم ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق 6 ماہ میں چینی 80 روپے فی کلو مہنگی ہونے کے بعد چینی کے نرخ کم ہونے لگے، حکام کی جانب سے چینی کے ذخیرہ اندوزوں اور سمگلرز کے خلاف سخت کارروائی کے عندیہ سے چینی کی بے لگام مہنگائی کو ریورس گیئر لگ گیا۔
دو روز میں چینی ایکس ملز ریٹ میں 14 روپے فی کلو تک کمی ہو گئی، چینی کا ایکس ملز ریٹ 16 ہزار 100روپے فی 100 کلو پر آ گیا، چند روز قبل چینی ایکس ملز ریٹ 17 ہزار 500 روپے فی 100 کلو تک پہنچ گیا تھا، چینی کے مستقبل کے سودے 18 ہزار روپے فی 100 کلو ہو رہے تھے لیکن چینی نرخ میں کمی کے بعد مستقبل کے سودے بھی غیر یقینی کا شکار ہو گئے۔
پرچون مارکیٹ میں چینی نرخ 185 روپے سے کم ہو کر 180 روپے فی کلو تک آ گیا، مارکیٹ ذرائع کے مطابق پرچون مارکیٹ میں بھی چند روز میں چینی کا نرخ مزید کم ہو جائے گا۔