ایف بی آر نے پہلی سہ ماہی میں ہدف سے 63 ارب روپے زائد جمع کر لئے

Published On 01 October,2023 12:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی سہ ماہی میں ہدف سے 63 ارب روپے زیادہ جمع کر لئے۔

رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ایف بی آر نے 1978 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 2041 ارب روپے جمع کر لئے جو کہ ہدف سے 63 ارب روپے زیادہ ہیں، سال 2022 میں اسی عرصہ کے دوران 1644 ارب روپے جمع کئے گئے تھے۔

ایف بی آر نے ستمبر میں 794 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 834 ارب روپے جمع کئے ہیں، سال 2022 میں اسی مہینے میں 688 ارب روپے جمع کئے گئے تھے۔

رواں برس ستمبر میں ایف بی آر نے 37 ارب کے ریفنڈز بھی جاری کئے ہیں جو پچھلے سال کے 18 ارب روپے کے مقابلے میں دگنے ہیں تاہم ستمبر 2023 میں درآمدات میں شدید کمی ہوئی ہے، درآمدات کی مد میں صرف 254 ارب روپے جمع کئے جا سکے ہیں جو پچھلے سال ستمبر سے 45 ارب کم ہیں۔