گوشوارے جمع کرانے کیلئے ایف بی آر نظام کی استعداد بڑھا دی گئی

Published On 28 September,2023 12:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف بی آر نے آئی آر آئی ایس سسٹم کی استعداد میں اضافہ کردیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے آئی آر آئی ایس سسٹم کی استعداد میں اضافہ کردیا گیا جس سے تقریباً 5 سے 6 لاکھ ٹیکس دہندگان روزانہ کی بنیاد پر بیک وقت اپنے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کراسکیں گے۔

ذرائع نے اس تاثر کو مسترد کردیا کہ موجودہ دنوں کے دوران انکم ٹیکس ریٹرن فائلنگ میں مسائل یا غلطیاں سامنے آئیں تھیں۔

گزشتہ دنوں ٹیکس ماہرین کی جانب سے اٹھائے جانے والے ایف بی آر سسٹم میں تکنیکی اور قانونی مسائل کو حل کر دیا گیا۔

اس کے ساتھ ہی ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کے لیے گوشوارے جمع کرانے کے لئے نظام کی استعداد بڑھادی جس کے تحت اب 5 سے 6 لاکھ ٹیکس دہندگان بغیر کسی پریشانی کے اجتماعی طور پر سسٹم تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق پرانے اثاثوں کے اعداد و شمار کا مسئلہ چند ہفتے قبل حل ہو گیا جبکہ آئی آر آئی ایس کے پاس جمع کرائے گئے انکم ٹیکس گوشواروں کے غائب ہونے کا بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

اس ضمن میں کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن (کے ٹی بی اے) کے صدر سید ظفر احمد نے بتایا کہ یہ ایک عجیب قسم کا مسئلہ ہے جمع کرائے گئے گوشوارے ایف بی آر سسٹم سے غائب ہوجاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرنے کی تاریخ میں توسیع آئی آر آئی ایس میں تکنیکی اور قانونی مسائل سے نمٹنے کا حل نہیں، اگر ایف بی آر 15 دن یا 30 دن کی توسیع دیتا ہے لیکن سسٹم کی خرابیاں برقرار رہی تو اس سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

دوسری جانب ٹیکس ماہر فراز فضل شیخ نے کہا کہ ایف بی آر نے آئی آر آئی ایس سسٹم میں جمع شدہ ویلتھ اسٹیٹمنٹ غائب ہونے کا مسئلہ حل کر دیا ہے۔