لاہور: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر) کی براہ راست ٹیکسوں کی وصولیوں میں گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر 43 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2023 میں ایف بی آر کو براہ راست ٹیکسوں کی مد میں 3.272 ٹریلین روپے کی محصولات حاصل ہوئیں جو مالی سال 2022 کے مقابلے میں 43 فیصد زیادہ ہیں۔
اعداد وشمار کے مطابق مالی سال 2022 میں ایف بی آر کو براہ راست ٹیکسوں کی مد میں 2.280 ٹریلین روپے کی محصولات حاصل ہوئیں، گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں ایف بی آر کو براہ راست ٹیکسوں کی مد میں 963 ارب روپے حاصل ہوئے جو مالی سال 2022کی اسی مدت کے مقابلے میں 37فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال 2022کی آخری سہ ماہی میں براہ راست ٹیکسوں کی مد میں ایف بی آر کو 702ارب روپے کی وصولیاں ہوئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ایف بی آر کے محاصل میں سالانہ بنیادوں پر17فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے، گزشتہ مالی سال میں ایف بی آرکی مجموعی محصولات کا حجم 7.169 ٹریلین روپے ریکارڈ کیا گیا جو مالی سال 2022 میں 6.143 ٹریلین روپے تھا۔