اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ قلت کی وجہ سے اس سال بھی گیس کی لوڈ شیڈنگ ہو گی، گیس کی قیمتیں بھی بڑھانے جا رہے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام "دنیا کامران کے ساتھ" میں گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر توانائی محمد علی نے کہا کہ ہم نے دو ایل این جی کی ڈیل کر لی ہے، گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیا تو 400 ارب کا سرکلر ڈیٹ مزید بڑھے گا۔
نگران وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ کوشش ہے غریب طبقے پر کم سے کم بوجھ پڑے، ہماری کوشش ہے گیس کا سرکلر ڈیٹ رُک جائے، بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب ہم نے گیس کی قیمت کے حوالے سے پالیسی بنا دی ہے، سب کو ایک ہی قیمت پر گیس ملے گی، بجلی، گیس چوری، سمگلنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، 10 روز میں 17 ارب روپے ریکور کیے ہیں۔
محمد علی نے کہا کہ 10 ہزار سے زائد لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے، 20 ہزار سے زائد لوگوں کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں، انہوں نے کہا کہ بجلی، گیس چوری کو ختم کریں گے۔