حیدر آباد: (دنیا نیوز) تیل و گیس کی تلاش میں بڑی پیش رفت، سندھ میں تیل وگیس کے کنوؤں سے اضافی ذخائر دریافت ہو گئے۔
تیل و گیس کے اضافی ذخائر سندھ کے اضلاع ٹنڈو الٰہ یار، سانگھڑ اور حیدر آباد میں دریافت ہوئے ہیں، اضافی ذخائر او جی ڈی سی ایل نے کٹنگ ایج ٹیکنالوجی سے دریافت کیے۔
یہ بھی پڑھیں: سٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کر دیا، شرح سود 22 فیصد برقرار
ٹنڈو الٰہ یار، سانگھڑ اور حیدر آباد میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 59 لاکھ کیوبک فٹ اضافی گیس کے ذخائر دریافت ہوئے، تینوں اضلاع کے تین کنوؤں سے 2 ہزار 665 بیرل یومیہ تیل حاصل ہو رہا ہے۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق تیل و گیس کے اضافی ذخائر سے 51 میٹرک ٹن یومیہ ایل پی جی بھی حاصل ہو رہی ہے، ٹنڈو الٰہ یار سندھ میں 585 بیرل یومیہ اضافی تیل برآمد ہو رہا ہے، ٹنڈو الٰہ یار کنویں سے 74 لاکھ کیوبک فٹ گیس اور 32 ٹن یومیہ ایل پی جی سسٹم میں شامل ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چینی کی فروخت من مانی قیمت پر جاری، سرکاری ریٹ نظر انداز
پساکھی سندھ حیدر آباد کنویں سے 1810 بیرل یومیہ اضافی تیل برآمد ہو رہا ہے، ضلع سانگھڑ سے 140 بیرل یومیہ تیل، 47 لاکھ کیوبک گیس اور 11 ٹن یومیہ ایل پی جی برآمد ہو رہی ہے۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق ضلع سانگھڑ کے چک جنوبی کنویں سے 130 بیرل اضافی تیل، 38 لاکھ کیوبک گیس اور 8 ٹن یومیہ ایل پی جی برآمد ہو رہی ہے۔