سندھ میں زمینوں کے ریکارڈ میں ٹمپرنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا اعلان

Published On 12 October,2023 07:35 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نگران صوبائی وزیرِ ریونیو، صنعت و تجارت محمد یونس ڈھاگا نے سندھ بھر میں زمینوں کے ریکارڈ میں ٹمپرنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کر دیا۔

کراچی میں اپنے آفس میں کاؤنسل آف اکنامک اینڈ انرجی جرنلسٹس کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے یونس ڈھاگا نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد اور جامشورو میں سب سے زیادہ زمینوں کے ریکارڈ خراب ہیں، پورے صوبے کی زمینوں کا ریکارڈ ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زراعت میں کیا کرنا ہے آج تک سندھ میں اس پر کوئی پلان ہی نہیں ہے، ہماری درآمدات بہت زیادہ اور برآمدات بہت کم ہیں۔

یونس ڈھاگا نے کہا کہ ریونیو ریکارڈز میں بہتری اور عوام کی آسانی کے لئے آن لائن فیسیلی ٹیشن شروع کر دی ہے، موبائل ایپ کی مدد سے درخواست جمع کرانے اور درخواست پر آن لائن معلومات حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف اضلاع میں سٹیزن ریونیو لائژن کمیٹیاں بنا کر لوگوں سے ڈیجیٹلائزیشن اور کارکردگی کے بارے میں فیڈ بیک لیں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اراضی کا سروے کرایا جا رہا ہے اور اراضی کو بھی مکمل ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے تاکہ کسی قسم کی ہیرا پھیری کی گنجائش نہ رہے اور جو ہیرا پھیری کرے وہ پکڑا جائے۔