کراچی: (دنیا نیوز) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے شمالی سندھ کا دورہ کیا، غذائی کمی پر حکام کی توجہ مبذول کرائی، انہوں نے کہا کہ 15 لاکھ بچوں کو غذائی فراہمی کی ضرورت ہے، سندھ میں سیلاب کے لاکھوں متاثرین اب بھی امداد کے منتظر ہیں۔
امریکی سفیر نے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے 100 ویں سکول کا افتتاح کیا، انہوں نے کہا کہ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کے تحت سکولوں میں 80 ہزار طالبعلم پڑھیں گے۔
ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ گزشتہ سال آنے والے سیلاب سے 30 ہزار سکولوں، 2 ہزار مراکز صحت کو سخت نقصان پہنچا۔
امریکی سفیر نے کہا کہ پینے کے صاف پانی اور سہولتوں تک رسائی بہت کم ہو چکی ہے، امریکا پاکستان کے لاکھوں سیلاب متاثرین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔