نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر سے جی ڈی اے کے وفد کی ملاقات

Published On 09 October,2023 06:48 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر سے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے وفد نے ملاقات کی۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ملاقات کرنے والے وفد میں ڈاکٹرفہمیدہ مرزا، سردار عبدالرحیم، عرفان اللہ مروت اور بیرسٹر حسنین مرزا شامل تھے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ صاف الیکشن ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے، ہم سب جانتے ہیں لوکل گورنمنٹ کے انتخابات کیسے ہوئے، غیرجانبدار الیکشن کمیشن، غیرجانبدار افسران کا تقرر شفاف الیکشن کیلئے انتہائی ضروری ہے۔

فہمیدہ مرزا نے کہا کہ الیکشن سے زیادہ شفاف الیکشن ضروری ہیں، گورنر کے پاس الیکشن سے متعلق کوئی اختیارات نہیں ہیں، یہ کام صرف الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کا ہے، بلدیاتی الیکشن میں آئین کی پامالی کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے بارے میں الیکشن میں حصہ لینے سے متعلق ایک قانون ہے، تو بلدیاتی نمائندوں سے متعلق بھی قانون واضح ہے، بلدیاتی نمائندوں کو اسی کام کے لئے لایا گیا ہے۔

جی ڈی اے وفد کے رکن سردار عبدالرحیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت پیپلز پارٹی کی گزشتہ حکومت کا تسلسل ہے، ہم سمجھتے ہیں شفاف انتخابات کیلئے پورا نظام نیوٹرل ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے مہنگائی، بے روزگاری کے مسائل ان کے سامنے رکھے ہیں، ہمیں نگران وزیراعلیٰ کی ذات سے کوئی مسئلہ نہیں، ہمیں جانبدار نظام پر اعتراض ہے، ہماری گزارشات پر عملدرآمد نہ ہوا تو پھر لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔