مٹیاری: (دنیا نیوز) مسلم لیگ سندھ استقبالیہ کمیٹی کے سربراہ بشیر میمن نے کہا کہ جے یو آئی اور ایم کیو ایم کے ساتھ انتخابی اتحاد کریں گے۔
مسلم لیگ سندھ استقبالیہ کمیٹی کے سربراہ بشیر میمن نے محمد زبیر، نہال ہاشمی، شاہ محمد شاہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر سارے ضلع سے عہدیداران کو بلایا تھا، سندھ کے 5 ڈویژن کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ہے، مریم نواز نے بھی کارکنوں سے ٹیلیفونک بات چیت کی ہے۔
محمد زبیر نے کہا کہ جس جوش وخروش سے کارکن آئے ہیں وہ قبل تحسین ہے، سندھ کے ہر شہر اور قصبے سے لوگ میاں نواز شریف کے ساتھ ہیں، میں نے اتنا جوش و جذبہ پہلے نہیں دیکھا، سندھ سے کارکن اپنے قائد کے استقبال کے لئے جائیں گے، 21 اکتوبر کو پتہ چل جائے گا کون سی جماعت سب سے زیادہ مقبول ہے، انشاء اللہ ہم سندھ میں بھی حکومت بنائیں گے۔
بشیر میمن نے کہا مسلم لیگ ن، جے یو آئی اور ایم کیو ایم کے ساتھ انتخابی اتحاد کرے گی، نہال ہاشمی نے کہا کہ بشیر صاحب کا ماضی شاندار ہے وہ ایماندار شخص ہیں، سندھ میں پہلے بھی حکومت بنائی اور اب بھی بنائیں گے، نواز شریف ملک و قوم کے لئے سوچتے ہیں۔