کراچی: (دنیا نیوز) جی ڈی اے کا وفد آج نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر سے ملاقات کرے گا جس میں نگران وزیر اعلیٰ سندھ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جائے گا۔
وفد میں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، سردار عبدالرحیم، سید زین شاہ، ایاز لطیف پلیجو، عرفان اللہ مروت، حسنین مرزا اور دیگر رہنما شامل ہوں گے، نگران وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات میں شفاف انتخابات کرانے کیلئے صوبے میں نیب زدہ اور پیپلز پارٹی کے جیالے افسران کو ہٹانے اور وزیر اعلیٰ ہاؤس میں موجود سابق وزیر اعلیٰ اور سسٹم کے افسران کو ہٹانے سمیت اہم معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔
جی ڈی اے رہنما نے بتایا ہے کہ ملاقات میں خصوصاً سانگھڑ اور خیرپور اضلاع کی حلقہ بندی اور نشستیں کم کرنے پر بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کریں گے، الیکشن منعقد ہونے تک بلدیاتی کونسلوں کو معطل کرنے، عام انتخابات کو شفاف بنانے اور زرداری مافیا کے اثر انداز ہونے کو ختم کرنے کیلئے الیکشن کے انعقاد تک دوسرے صوبوں سے افسران مقرر کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔
سردار عبدالرحیم نے مزید بتایا ہے کہ ملاقات میں مہنگائی، بجلی کی لوڈشیڈنگ، کسانوں کو درپیش مسائل پر توجہ دلائیں گے، ملاقات میں سندھ میں ڈاکوؤں کی یلغار، اغواء برائے تاوان کی وارداتوں، اقلیتی برادری کو درپیش مسائل، کراچی میں سٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سمیت دیگر اہم مسائل اُٹھائیں گے۔