ملتان: ایک دن میں 125 بجلی چور گرفتار، کل تعداد 8 ہزار 370 ہوگئی

Published On 25 October,2023 10:42 am

ملتان: (دنیا نیوز) میپکو ریجن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف جاری آپریشن میں ایک روز کے دوران مختلف کیٹگریز کے 125 بجلی چور پکڑے گئے ہیں۔

میپکو ریجن میں 7 ستمبر سے اب تک پکڑے گئے بجلی چوروں کی مجموعی تعداد 8 ہزار 370 ہو گئی، ایک روز میں 108 نئے مقدمات درج کیے گئے جس سے مقدمات کی کل تعداد 8 ہزار 108 ہو گئی ہے۔

بجلی چوروں پر مجموعی طور پر 55 کروڑ 91 لاکھ روپے جرمانے عائد کیے گئے ہیں جس میں سے اب تک 24 کروڑ 63 لاکھ روپے جرمانہ وصول کر لیا گیا ہے۔

لودھراں میں میپکو اور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں افغان شنواری ہوٹل میں بجلی چوری پکڑی گئی، ہوٹل کے تھری فیز میٹر میں لوپ لگا کر میٹر سلو کیا ہوا تھا اور پورے ہوٹل کو بڑے پیمانے پر بجلی کی سپلائی جاری تھی، ہوٹل منیجر کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔

بستی ملوک میں جدید ریمورٹ کنٹرول سسٹم کے ذریعے بجلی چوری پکڑی گئی جہاں گھریلو میٹر میں ریمورٹ کنٹرول سسٹم نصب کر کے ہیوی لوڈ چلایا جا رہا تھا۔

جامپور کے نو گو ایریاز میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بھی آپریشن کیا گیا، بستی شریف بورا، بستی سوجلی والا اور بستی قبول میں میپکو ٹیموں نے بجلی منقطع کر کے ایل ٹی لائنیں اتار لیں۔