اسلام آباد: (دنیا نیوز) صوبوں میں پانی کی تقسیم کے جدید نظام کے حوالے سے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان واٹر مینجمنٹ میمورینڈم آف انڈرسٹینڈنگ (ایم او یو) طے پا گیا۔
ارسا ہیڈ کوارٹر میں واٹر مینجمنٹ معاہدے کی یادداشت پر دستخط ہوئے، تقریب میں پاکستان کی جانب سے ارسا، آبی وسائل، واپڈا اور صوبائی آبپاشی حکام نے شرکت کی جبکہ آسڑیلیا کی جانب سے کامن ویلتھ ریسرچ آرگنائزیشن اور آسٹریلین ایگریکلچر ریسرچ کے نمائندے شریک ہوئے۔
معاہدے کے مطابق واٹر مینجمنٹ سسٹم کے تحت پانی کی تقسیم ڈیجیٹل طریقے سے ہو گی، پانی کی تقسیم، ذخائر اور دریاؤں کے پانی کے بہاؤ کا ڈیٹا کمپیوٹرائز کیا جائے گا۔
واٹر مینجمنٹ سسٹم کے تحت جدید سافٹ ویئر بنایا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں دونوں ملک پانی کے نظام کے حوالے سے سرمایہ کاری بھی کریں گے۔