اسلام آباد:(علیم ملک سے) ملک میں آبی بحران انتہائی سنگین ہوگیا، پانی کے بحران نے 22 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، آبی ذخائر میں پانی کی کمی 97 فیصد تک پہنچ گئی، صوبوں کو 50 فیصد پانی کی کمی کا سامنا ہے جبکہ ارسا حکام نے پانی کی موجودہ صورتحال کو انہونی قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق آبی بحران مزید سنگین ہوتا جارہا ہے، اس وقت دریاؤں میں 56 فیصد پانی کم آرہا ہے، تربیلا ڈیم گذشتہ ڈیڑھ ماہ سے خالی ہے جبکہ منگلا میں پانی کا ذخیرہ نہ ہونے کے برابر ہے، ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ ایک لاکھ ایکڑ فٹ ہے اور گزشتہ سال ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ 35 لاکھ ایکڑ فٹ تھا۔
دریاؤں میں پانی کا مجموعی بہاؤ 1 لاکھ 25 ہزار کیوسک ہے، صوبہ سندھ اور پنجاب کو 60 ساٹھ ہزار کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا ہے، پنجاب کے پانی کی طلب 1 لاکھ 20 ہزار کیوسک، سندھ کے پانی کی طلب 1 لاکھ 30 ہزار کیوسک ہے، دریائے جہلم میں پانی کی کمی کے باعث منگلا ڈیم آدھا بھی نہیں بھر پائے گا اور خدشہ ہے کہ منگلا ڈیم میں ربیع سیزن کے لیے بھی پانی نہیں ہو گا۔