اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے سعودی سفیر نواف المالکی کے اعزاز میں عشائیہ دیا، پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا، ملاقات کے دوران فلسطین کی موجودہ صورت حال پر بھی گفتگو ہوئی، سرفراز بگٹی نے کہا کہ اسرائیلی افواج فلسطین میں بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہاکہ سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی بڑی تعداد دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان کے عوام خادمین حرمین شریفین سے خاص عقیدت اورمحبت رکھتے ہیں۔
نگران وزیر داخلہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے سعودی سفیر کی کاوشوں کو سراہا۔