بیمار حکومتی اداروں کے باعث معیشت کو 5 سو ارب کے نقصانات ہو چکے: وزیر خزانہ

Published On 23 November,2023 09:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کہا ہے کہ بیمار حکومتی اداروں کے باعث ملکی معیشت کو 5 سو ارب کے نقصانات ہو چکے، حکومتی اداروں سے متعلق نئی پالیسی آئی ایم ایف کے ساتھ مشاورت سے بنائی گئی۔

وفاقی دار الحکومت میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس پالیسی پر کام کیا جا رہا ہے، حکومت نے مقامی طور پر مہنگے قرضوں سے جان چھڑائی۔

شمشاد اختر نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ معیشت کے استحکام کے لیے بڑی محنت کی، آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کا پہلا اجلاس کامیابی سے مکمل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: رواں مالی سال 3.5 فیصد جی ڈی پی گروتھ ہدف حاصل نہیں ہو سکے گا: وزارت خزانہ

انہوں نے کہا کہ پاکستان پر قرضوں اور سود ادائیگیوں کا بوجھ بہت زیادہ بڑھ چکا ہے، مقامی سطح کے قرضوں کو ری شیڈول کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں، بیرونی قرضوں کا بوجھ ملکی اکانومی کے 44 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔

ڈاکٹر شمشاد اختر نے بتایا کہ باہمی معاہدوں کے تحت بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کا بوجھ 35 فیصد تک ہے۔