اسلام آباد: (دنیا نیوز) معیشت کی بحالی کی جانب اہم سنگ میل عبور، پاکستان اور سعودی عرب کا سرمایہ کاری کے طریقہ کار پر اتفاق ہوگیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے خوشخبری سناتے ہوئے لکھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا سرمایہ کاری کے طریقوں پر اتفاق ہوگیا، خلیج تعاون کونسل (جی سی سی ) کیساتھ آزاد تجارتی معاہدے کی توثیق کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
— Murtaza Solangi (@murtazasolangi) December 3, 2023
انہوں نے لکھا کہ پاکستان اس اقدام کا 19 سال سے منتظر تھا، گزشتہ 15 سال میں خلیج تعاون کونسل کی جانب سے کسی ملک کے ساتھ پہلا تجارتی اور سرمایہ کاری معاہدہ ہوگا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور خلیج تعاون کونسل میں آزاد تجارت کا معاہدہ 19سال سے التوا کا شکار تھا۔
دوسری جانب گزشتہ روز پاکستانی وفد نے جی سی سی ممالک سے آزادانہ تجارت کے معاہدے کے سرمایہ کاری سے متعلقہ حصے کو حتمی شکل دینے کیلئے چیف مذاکرات کار کے ساتھ ملاقات کی، دونوں اطراف کی تکنیکی ٹیموں نے سرمایہ کاری کے باب کی بقیہ تفصیلات بشمول سرمایہ کاری کے تحفظ اور سہولت پر وسیع بات چیت کی۔
ملاقات میں فریقین نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے بہاؤ پر آزادانہ تجارت کے ممکنہ اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
— Dr Gohar Ejaz (@Gohar_Ejaz1) December 2, 2023
وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ خلیج تعاون کونسل کے ممالک سے آزادانہ تجارت کے معاہدے سے تجارت اورسرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اورجی سی سی ممالک کے ساتھ تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔
یاد رہے کہ 29 ستمبر کو پاکستان اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں مذاکرات کا آخری دور مکمل ہونے کے بعد آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کے ابتدائی معاہدے پر دستخط کئے تھے۔