دبئی: (ویب ڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے منیجنگ ڈائریکٹر جنرل ووچونگ امز نے خبردار کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گلیشیئر پگھلنے سے کروڑوں لوگوں کے ذریعہ معاش کا تحفظ خطرے میں ہے۔
دبئی میں جاری اقوام متحدہ کی کلائمیٹ چینج کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کی طرف توجہ دلائی اور کہا کہ گلیشیئر پگھلنے سے ایک ارب 60 کروڑ سے زائد لوگوں کے ذریعہ معاش اور سلامتی کو خطرہ ہے۔
ووچونگ امز کا کہنا تھا کہ ہندوکش اور ہمالیہ ریجن میں گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں، ہمارے نئے اقدامات سے بھوٹان اور نیپال نئی اطلاعات تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس آگاہی سے یہ ممالک موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے مؤثر سرمایہ کاری کر سکیں گے۔