لاہور: (ویب ڈیسک) ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے پنجاب حکومت نے الیکٹرک رکشہ متعارف کروا دیا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور میں الیکٹرک رکشے متعارف کرائے گئے جن کو محکمہ ٹرانسپورٹ اور ایک مقامی نجی کمپنی کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے، سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب احمد جاوید قاضی کی سربراہی میں اجلاس میں الیکٹرک رکشے کو متعارف کرایا گیا۔
اس موقع پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے ماہرین کے ساتھ الیکٹرک رکشہ چلانے کا تجربہ بھی کیا اور کہا کہ الیکٹرک رکشوں سے فضائی اور آواز کی آلودگی کی شرح میں نمایاں کمی آئے گی۔
یہ الیکٹرک رکشے سنگل چارج پر 150 کلومیٹر تک سفر کر سکتے ہیں جس سے ایندھن کے اخراجات بچانے میں مدد ملے گی۔